سی ایس ایس

مقابلے کاامتحان پاس کرناہرباصلاحیت طالب علم کا خواب ہوتا ہے۔اعلیٰ سرکاری ملازمین (گریڈ 17 اور اس کے بعد) کی تقرری کے لیے گریجویشن کی سطح کی تعلیمی قابلیت کے ساتھ ایک خصوصی امتحان کامیاب کرناضروری ہوتا ہے جسے ’’مقابلے کا امتحان‘‘ کہتے ہیں۔ اس امتحان میں کامیاب ہونے والے نوجوانوں کو پاکستان کی وفاقی حکومت کی ’’سینٹرل سپیریئر سروسز‘‘ (سی ایس سی) میں شامل کیا جاتا ہے۔
مقابلے کا امتحان، فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہوتا ہے۔ ہر سال عموماً اپریل کے مہینے میں اخبارات کے ذریعے امتحان کے انعقاد کا اعلان کیا جاتا ہے۔ مئی میں درخواستیں وصول کی جاتی ہیں، اکتوبر میں تحریری امتحان ہوتا ہے جس کے نتیجے کا اعلان آئندہ برس مارچ یا اپریل میں ہوتا ہے۔ تحریری امتحان میں کامیاب ہونے والوں کا نفسیاتی امتحان اور طبی معائنہ ہوتا ہے۔ جس کے بعد انٹرویو ہوتے ہیں اور اکتوبر میں حتمی طور پر کامیاب ہونے والوں کے ناموں کا اعلان کردیا جاتا ہے۔ہر سال پورے ملک میں ہزاروں نوجوان مقابلے کے امتحان میں شریک ہوتے ہیں جن میں سے ضرورت کے مطابق 100سے 150 امیدوار منتخب کیے جاتے ہیں۔