ڈپلومہ کی اہمیت

کریئر کاروان کے دوستو!آپ اس بات سے بخوبی آگاہ ہوں گے کہ ڈپلومہ ایک ایسی سند یا سرٹیفیکیٹ کو کہا جاتا ہے جو کوئی تعلیمی ادارہ مثلا ًکالج یا یونیورسٹی ان طلباءو طالبات کو دیتا ہے جنھوں نے ایک مخصوص مدت میں کسی ادارے سے تربیت حاصل کی ہو،یہ ایک ایسا اضافی اکیڈمک اعزاز ہے جو نا صرف میٹرک بلکہ گریجویشن اور ماسٹرز کے بعد بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ڈپلومہ پروگرام کسی بھی ادارے میں آنے والے طلباءکو بہترین بنیاد فراہم کرتا ہے۔ زیادہ تر ادارے ملازمین سے یہ توقع کرتے ہیں کہ وہ نوکری کے پہلے دن ہی اپنی بہتر ین کارکردگی دکھانا شروع کردیں۔ ڈپلومہ پروگرام کسی مخصوص شعبے یا صنعت میں ملازمت کی ضروریا ت پوری کرنے کی خاطر طلباءکی پیشہ ورانہ تربیت کا فریضہ انجام دیتے ہیں۔
ڈپلومہ بہت سے پرائیویٹ اداروں میں بھی کروائے جاتے ہیں لیکن ان میں سرکاری اداروں کی نسبت مشینری اور پریکٹیکل کے آلات بہت کم ہوتے ہیں اوریہی وجہ ہے کہ سرکاری کالجز کے طلباءکوزیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ ہمارے یہاں اکثر طلبہ وطالبات گریجویشن کے بعد پڑھائی کو خیر باد کہہ دیتے ہیں ، خاص طور پرلڑکیاں جنہیں اگر شادی کے لیے وقت درکار ہو یا کچھ کرنے کو نہ ملے تو وہ بی ایڈ کو ترجیح دیتی ہیں لیکن ہم آج آپ سے کچھ ایسے پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کورسز سے متعلق معلومات شیئر کرنے جارہے ہیں، جو آپ کی پیشہ ورانہ زندگی میں نہایت اہمیت کے حامل ہوسکتے ہیں۔ ان سے متعلق معلومات کے بعد آپ اس مشکل سے نجات حاصل کرپائیں گے کہ گریجویشن کے بعد کیا کریں؟
ایجوکیشنل لیڈرشپ اینڈ مینجمنٹ
یہ ڈپلومہ تعلیمی اور تربیت فراہم کرنےوالے اداروں میں لیڈرشپ اور مینجمنٹ کی صلاحیتوں میں اضافہ کرتا ہے۔یہ ڈپلومہ کورس نجی سیکٹر میں کام کرنے والے سربراہان اور عوام کے درمیان تعلق پیدا کرتا ہے۔یہ طلبہ میں ذاتی اور پیشہ ورانہ لیڈرشپ مہارتوں میں اضافہ کرتا ہے۔PGDELM ایک سالہ تعلیمی پروگرام ہے۔یہ نیا تعلیمی ڈپلومہ پروگرام سماجی و اقتصادی مسائل سے متعلق مارکیٹ کی ضرورتوں کے عین مطابق ہے۔
یہ بھی لازمی پڑھیں: پیشہ کا انتخاب کیسے کریں؟
فیشن ڈیزائننگ
جدید دنیا میں فیشن کا شعبہ ایک ابھرتی ہوئی صنعت کی حیثیت اختیار کرچکا ہے،جس کا حجم اربوں ڈالرز ہے۔ یہ لاکھوں لوگوں کے لیے روزگار کا ایک ذریعہ بھی ہے۔ فیشن ڈیزائننگ ڈپلومہ2 سالہ پر محیط ہوتا ہے۔کسی بھی فیکلٹی میں بیچلر کی ڈگری رکھنے والے طلباءوطالبات فیشن ڈیزائننگ میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ حاصل کرنے کے اہل ہوتے ہیں۔ہمارے یہاں مختلف کالجز اور یونیورسٹیز فیشن ڈیزائننگ میں ڈپلومہ کرواتی ہیں۔ ہر کالج کی فیس اور مضامین کا انتخاب مختلف ہوتا ہے۔
انوائرمینٹل سائنس
پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ ان انوائر مینٹل سائنس ایک ڈپلومہ سطح کا کورس ہے جس میں کسی بھی فیکلٹی میں گریجویشن کرنے والے طلبہ وطالبات داخلہ لے سکتے ہیں۔ یہ سائنس کا ایک ایسا کثیر الجہت شعبہ ہے جسکا تعلق فزیکل ،بائیولوجیکل ،کیمیکل اور سوشل دائرہ کار سے ہے۔اس ڈپلومہ کورس میں طلبہ کو حیاتی و غیر حیاتی ماحولیاتی اجزائ،زمینی عوامل اور ماحولیاتی نظام کے بارے میں آگاہی و تربیت فرا ہم کی جاتی ہے۔ اس ڈپلومہ کے بعد آپ بطور ماحولیاتی جرنلسٹ ،ماحولیاتی فوٹوگرافر ،ریسرچ اسسٹنٹ،لیکچرار ،پروفیسر ،انوائرمینٹل ٹیکنیشن ،بطور فلم میکر، نوکری کی درخواست دے سکتے ہیں۔
اکاؤنٹنگ اور فنانس
آج کے دور میں جو چند پیشے ”یقینی روزگار،“ بہترین مراعات اور بہتر مستقبل کی ضمانت سمجھے جاتے ہیں، ” اکاو¿نٹنگ اور فنانس “ ان میں سے ایک ہے۔اس شعبے کی روز بہ روز بڑھتی اہمیت کے پیش نظر اکاو?نٹنگ اور فنانس میںپوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ 2 سیمسٹر پر مبنی ایک سالہ ڈپلومہ کورس ہے۔اس دوران طلبہ کو کاروباری اتارچڑھاو¿ ،تنقیدی اور تجزیاتی تصورات اور کاروباری دنیا کی مشکلات و مسائل حل کرنے سے متعلق معلومات اور تربیت فراہم کی جاتی ہے۔
کمپیوٹر سائنس
ملک میں جس تیزی سے کمپیوٹر کا استعمال بڑھ رہا ہے، اس کے پیش نظر یہ کہنا غلط نہیں ہے کہ ذہین اور منطقی سوچ کے حامل نوجوانوں کے لیے اس شعبے میں روزگار کے شاندار مواقع موجود ہیں۔ اگر آپ کے پاس بیچلر ڈگری موجود ہے تو پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ ان کمپیوٹر سائنس آپ کے لیے بہترین انتخاب ہے۔کمپیوٹر سائنس میں ایک سال یا دو سال کا ڈپلوما کورس، صوبائی ٹیکنیکل بورڈ سے منظور شدہ اداروں میں کرایا جاتا ہے۔ اس کورس کی تکمیل کے بعد امیدوار، کمپیوٹر کی مختلف زبانوں اور ان کے استعمال سے واقف ہوجاتا ہے۔ کمپیوٹر پروگرام تیار کرسکتا ہے، اپنے ادارے کے لیے موزوں کمپیوٹرکا انتخاب کرسکتا ہے اور مائیکرو کمپیوٹر کو بہ خوبی استعمال کرسکتا ہے۔
مندرجہ بالا پوسٹ گریجویٹ سطح کے ڈپلومہ کے علاوہ بھی ہر شعبہ میں بے شمار اور مختلف ڈپلومہ کورسز موجودہیں، جن میں طلبہ وطالبات گریجویشن کے بعد باآسانی داخلہ لے سکتے ہیں۔یہ ڈپلومہ کورسز نا صرف آپ کے اکیڈمک ریکارڈ میںایک بہترین اضافہ ثابت ہوتے ہیں، بلکہ آپ کی پیشہ ورانہ زندگی میں بھی نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔