ایک دن میں 35 کروڑ درخت لگا ئے جانے کا نیا ریکارڈ

ایتھوپیا کے حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے کامیابی سے ایک دن میں پورے ملک میں 35 کروڑ سے زیادہ پودے لگائے ہیں۔
ایتھوپیا کے وزیر اختراعات اور ٹیکنالوجی گیتاہون میکوریا کا کہنا ہے کہ  ایتھوپیا میں سوموار کو  صرف 12 گھنٹوں میں 353,633,660 بیج کاشت کیے گئے ہیں۔یہ شجرکاری ایتھوپیا کے وزیر اعظم  ابی احمد کے گرین لیگیسی اینی شیٹیو کے تحت کی گئی۔ ایتھوپیا کے وزیر اعظم  کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اُن کی شجر کاری کرتے ہوئے کئی تصاویر بھی شیئر کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ  وہ اس شجر کاری کو گینیز ورلڈ ریکارڈ میں درج کرانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔  گرین لیگیسی اینی شیٹیو کا آغاز مئی میں کیا گیا تھا۔ اس کے تحت اکتوبر سے پہلے ملک میں 4 ارب پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ اب تک 2.6 ارب پودے لگا چکے ہیں۔