آرمی برن ہال کالج ایبٹ آباد کی یومِ والدین اور تقسیم انعامات کی تقریب

ایبٹ آباد/اسلام آباد (نمائندہ کریئر کاروان)آرمی برن ہال کالج برائے طلباءایبٹ آباد کی یوم والدین اور تقسیم انعامات کی سالانہ تقریب کالج گراﺅنڈ میں منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی سابق ہالین و لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایاز سلیم رانا تھے۔ اس رنگا رنگ اور پروقار تقریب میںکالج کے پرنسپل واجد قیوم پراچہ، فیکلٹی ارکان اور اعلیٰ سول و ملٹری افسران کے علاوہ کالج کے طلباءاور والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر کالج کے طلباءنے جسمانی ورزش، کراٹے اور جمناسٹک میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے علاوہ رنگا رنگ ثقافتی اور مختلف ادبی پروگرام پیش کئے جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔
کالج کے پرنسپل بریگیڈیئر واجد قیوم پراچہ نے اس موقع پر پیش کی گئی سالانہ رپورٹ میں کالج کے بہترین نتائج سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال انٹرمیڈیٹ امتحانات میں شریک ہونے والے کالج کے 145 طلباءمیں سے 104 طلباءنے A گریڈ حاصل کر کے کالج کے مجموعی جی پی اے کو 4.87 کے ریکارڈ تک پہنچایا جبکہ میٹرک امتحانات میں 159 میں سے 152 طلباءنے Aگریڈ حاصل کیا جس سے کالج کی تاریخ کا بہترین جی پی اے 5.72 رہا۔کالج کے پرنسپل بریگیڈیئر واجد قیوم پراچہ نے بتایا کہ اسی طرح او لیول میں 142 طلباءنے A سٹار،A اورB گریڈ حاصل کئے اور یہ کامیابیاں طلباءکی محنت اور اساتذہ کی لگن و صحیح رہنمائی کی بدولت ممکن ہوئیں۔ کالج کے طلباءنے سالانہ تقریب کے موقع پر مختلف سائنسی اور فائن آرٹس کی دلچسپ نمائشوں کا اہتمام بھی کیا۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے سال بھر کے دوران مختلف نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباءاور ٹیموں
میں ٹرافیاں اور دیگر انعامات تقسیم کئے۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایاز سلیم رانا نے طلباءسے اپنے خطاب میں ملک کی تعمیر و ترقی میں مقصدی و معیاری تعلیم اور اساتذہ کی اہمیت کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی، وقار اور اعلیٰ اقدار و استحکام نوجوان نسل کی بہترین تعلیم و تربیت سے ہی ممکن ہے،
یہ مسلمہ حقیقت پوری دنیا میں ترقی یافتہ قوموں کی کامیابی کا اہم راز رہی ہے۔انہوں نے ملک کو بہترین قیادت کی فراہمی میں آرمی برن ہال کالج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس مایہ ناز ادارہ نے طلباءمیں علمی، ادبی، ذہنی، جسمانی اور نظم و ضبط جیسی صلاحیتیں پیدا کر کے نہ صرف ان طلباءکے مستقبل کو روشن اور محفوظ بنایا ہے بلکہ بے شمار قومی اداروں کی ضروریات بھی پوری کی ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایاز سلیم رانا نے پرانے ہالین کی حیثیت سے اپنے زمانہ طالب علمی کی یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ان جیسے بے شمار ہالین عملی زندگی میں اپنی شاندار کامیابیوں کیلئے آرمی برن ہال سکول و کالج کے ممنون احسان ہیں۔