تعلیمی مواقع کی فراہمی سے نظر انداز شدہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم اور روزگار حاصل کرنے کے یکساں مواقع ملیں گے:سردار مسعود خان

 تعلیمی مواقع کی فراہمی سے نظر انداز شدہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم اور روزگار حاصل کرنے کے یکساں مواقع ملیں گے:سردار مسعود خان
اسلام آباد (کرئیرکاروان) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے خطاب کرتے ہوئےکہا ہے کہ نظر انداز شدہ طبقات کے لئے اوپن یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات قابل تقلید ہیں، تعلیمی مواقع کی فراہمی سے نظر انداز شدہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم اور روزگار حاصل کرنے کے یکساں مواقع ملیں گے جو مجموعی طور پر ملک کی سماجی و معاشی ترقی کا ضامن ہوگا۔ مظفرآباد میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے 6 ماہ دورانیہ پر مشتمل یو ایس فنڈڈ پراجیکٹ ’’انگلش ورکس اے آئی او یو پراجیکٹ‘‘کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کنہاتھا کہ یہ پراجیکٹ اوپن یونیورسٹی کی ایک بہت بڑی قومی خدمت ہے۔ سردار مسعود خان نے اوپن یونیورسٹی کو سپورٹ فراہم کرنے پر امریکی سفارتخانے کے پبلک افئیرز سیکشن کا شکریہ بھی ادا کیا۔
قبل ازیں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کو پروگرام کے اغراض ومقاصد پر بریفنگ دی۔ ڈاکٹر ضیاء القیوم نے اوپن یونیورسٹی میں غریب ،ْ مستحق اور ضرورت مند طلباء و طالبات اور نظر انداز شدہ طبقات کے لئے مفت تعلیمی منصوبوں پر بھی اظہار خیال کیا۔ یو ایس سفارتخانے کے ریجنل انگلش لنگوئج آفس کے 100سکالرشپس بیسڈ اس پراجیکٹ کا فوکس معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کے 17سے 25 سال کی عمر کے بچوں کی بزنس انگلش مہارتیں بڑھانے پر ہے۔افتتاحی تقریب کے موقع پر انگلش ڈیپارٹمنٹ کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق، آر ای ایل اوکے جے رولڈ فرنک اور عبدالمجید ڈاکٹر ملک اجمل گلزار بھی موجود تھے۔