انٹرمیڈیٹ کے ضمنی امتحانات کا آغاز

 لاہور(نمائندہ کریئر کاروان) تعلیمی بورڈ لاہور کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ (سالِ اول اور دوئم) امتحان (ضمنی) 2018ءکا آغاز 22اکتوبر (پیر) سے ہورہا ہے۔امتحان کے پہلے دن (پیرر) کو صبح کمپیوٹر سائنس ، اپلائیڈ آرٹ اور شام کے سیشن میں سوشیالوجی ، میوزک اور دیگر مضامین کے پیپر ہوں گے۔
اس سلسلے میںکنٹرولر امتحانات پروفیسر محمد ناصر جمیل نے بتایا ہے کہ 38ہزار سے زائدطالب علموں کے لئے لاہور ، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں قائم کردہ 73امتحانی مراکز میں تمام امتحانی عملے کی تعیناتی کا عمل شفافیت کے ساتھ مکمل کر لیا ہے اور مانیٹرنگ کے لئے خصوصی سکواڈ تشکیل دے دیئے گئے ہیں۔اس حوالے سے کنٹرولر امتحانات نے مزید بتایا کہ امتحان دینے والے طالب علم امتحانی وقت سے آدھا گھنٹہ پہلے امتحانی مراکز پہنچ جائیں تا کہ انہیں کسی بھی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کے علاوہ امتحانی عملے اور طالب علموں پر موبائل فون امتحانی مراکز پر لانے کی پابندی عائد ہوگی۔