اوپن یونیورسٹی نے طلبہ کو رول نمبر سلپس جاری کردیں

اسلام آباد(نمائندہ کریئر کاروان) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2018ءکے بی بی اے ، پی جی ڈی ، بی ایس ، ایم ای/ایم ایس سی ، ایم ایس/ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کی فائنل امتحانات کے رول نمبر سلپس جاری کرتے ہوئے داخل طلبہ و طالبات کو سلیپسارسال کردئیے، طلبہ و طالبات رول نمبر سلپس یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے ڈاﺅن لوڈ بھی کرسکتے ہیں،امتحانات12 نومبر سے شروع ہوں گے جو31 دسمبر تک جاری رہیں گے۔
امتحانات کے نظام کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے امتحانی مراکز میں سخت نگرانی کا نظام بھی نافذ کردیا گیا ہے اور اس ضمن میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔امتحانی مراکز میں طلبہ کو ہر قسم کی ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔کنٹرول امتحانات ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق طلبہ و طالبات کو قریب ترین مقامات پر امتحانات میں شرکت کی سہولت فراہم کرنے کیلئے شعبہ امتحانات نے ضلع اور تحصیل سطح پر 850 امتحانی مراکز قائم کردئیے ہیں۔ کنٹرولر امتحانات کے مطابق امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کمرہ امتحان میں پہنچنے سے پہلے رول نمبر سلپ پر درج ہدایات غور سے پڑھیں۔علاوہ ازیں طلبہ و طالبات کو فائنل امتحان میں شرکت کے لئے نادرا کا جاری کردہ قومی شناختی کارڈ بھی اپنے ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔