نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرنا چاہئے: آرمی چیف کا طلباء سے خطاب

نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرنا چاہئے:  آرمی چیف  کا طلباء سے خطاب

راولپنڈی (کرئیرکاروان) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، انہیں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سالانہ انٹرن شپ پروگرام میں شریک طلباء سے خطاب کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سالانہ انٹرن شپ پروگرام کی تقریب میں شریک ہوئے اور اظہار خیال کیا۔ آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان کو گزشتہ دو دہائیوں میں بڑے چیلنجز کا سامنا رہا ہے اور ان تمام چیلنجز کا پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے کامیابی سے مقابلہ کیا، اس حوالے سے نوجوانوں نے بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو متحرک اور ذہین نوجوانوں سے نوازا ہے اور ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ آرمی چیف نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے اندر اعتماد پیدا کریں، میرٹ کو اپنائیں، قانون کی حکمرانی پر عمل پیرا ہوں اور اپنی زندگی میں کامیابی کیلئے شارٹ کٹ سے بچیں۔