رواں مالی سال کے بجٹ میں کتنی رقم مختص کی گئی

اسلام آباد (نمائندہ کریئرکاروان) ملک میں پرائمری سے لے کر پوسٹ ڈاکٹریٹ تک اعلیٰ تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، رواں مالی سال کے بجٹ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے 34 ارب 9 کروڑ 79 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو سٹریٹیجک فریم ورک 2025ءکی تیاری کی ہدایات پہلے سے ہی جاری کی ہیں۔
یہ فریم ورک ملک میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو دنیا بھر میں اعلیٰ تعلیم کے بدلتے ہوئے رجحانات کے مطابق لانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ علاوہ ازیں یہ فریم ورک مستقبل کیلئے اعلیٰ تعلیم کی سمت اور منزل کا تعین کرے گا اور اعلیٰ تعلیم کیلئے پانچ سالہ تعلیمی منصوبے اور قلیل المدتی منصوبوں کیلئے رہنمائی کرے گا۔ حکام کے مطابق ایک طرف پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت تعلیم بالخصوص تکنیکی مہارت کے منصوبے شامل ہیں جبکہ دوسری جانب امریکہ کے ساتھ تعلیمی راہداری (نالج کوریڈور) قائم کی گئی ہے جس کے تحت 10ہزار پی ایچ ڈی سکالرز تیارکئے جائیں گے۔