بارانی زرعی یونیورسٹی : تجارتی بنیادوں پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

بارانی زرعی یونیورسٹی : تجارتی بنیادوں پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
راولپنڈی ۔ (کرئیرکاروان) پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ندیم اختر عباسی نے کہا ہے کہ لائیو سٹاک کا شعبہ پاکستانی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور کسان ملکی معشیت میں حقیقی تبدیلی لا سکتے ہیں اور ملک میں گوشت کی قلت کے خاتمے کے لئے لائیو سٹاک کے شعبے کی تجارتی بنیادوں پرترقی کی حوصلہ افزائی اور فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہارانھوں نے یونیورسٹی میں دوسری تجارتی بنیادوں پر گوشت کی پیداوار کے حوالے سے منعقدہ تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا انعقاد یونیورسٹی کے شعبہ ویٹرنری نے کیا تھا اس موقع پر یونیورسٹی کے ڈین ڈائریکٹرز اورملک کے مختلف علاقوں سے شرکت کرنے والے کسان بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر نے لائیوسٹاک شعبے کی تجارتی بنیادوں پر قیام کے فوائد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس حوالے سے افراد میں آگاہی فراہم کی جائے کیونکہ یہ اعلیٰ منافع بخش صلاحیت والا کاروبار ہے۔ انھوں نے ویٹرنری ماہرین پر زور دیا کہ وہ اس شعبے میں درپیش مسائل کو حل کریں تا کہ مستقبل میں غذائی قلت جیسے چیلینجز سے نمٹا جا سکے۔ تقریب سے ڈین ڈاکٹر عرفان یوسف، اور ڈاکٹر تنویر احمد نے بھی خطاب کیا۔