تعلیمی ادارے بند۔۔پرچے منسوخ

لاہور(نمائندگان خصوصی سے)پنجاب،سندھ اورخیبر پختونخوا میں سرکاری و نجی سکول آج بھی بند رکھے گئے،،ملک بھر کے تمامتعلیمی بورڈز اور یونیورسٹیوں نے تمام امتحانات بھی ملتوی کر دیئے، نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ترجمان لاہور بورڈ نے کہا ہے کہ انٹرمیڈیٹ پارٹ 1 سپلیمنٹری امتحانات کے 2 اور 3 نومبر کو ہونے والے پرچے ملتوی کردئیے گئے،پنجاب بھر کے بورڈز کے 2 اور 3 نومبر کو ہونے والے پرچوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔2 تاریخ کو کمپیوٹر سائنس جبکہ 3 کو انگلش کا پرچہ ہونا تھا۔شہروں میں ٹریفک بندش کی وجہ سے پرچے ملتوی کیے گئے ہیں۔
ملک کی موجودہ صورت حال اور دھرنوں کے پیش نظرآج بھی تعلیمی ادارے بند رکھے گئے ہیں جبکہ جامعات میں ہونے والے پیپرز بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ملک بھر کے پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے مطابق آج اور کل بھی تمام پرائیویٹ سکولز بند رہیں گے۔این ای ڈی یونیورسٹی کے رجسٹرار کے مطابق یونیورسٹی میں کل ہونے والے ماسٹراورپی ایچ ڈی کے لیے تحریری ٹیسٹ بھی ملتوی کردیئے گئے ہیں ، آئی بی اے کے تحت جاب پورٹل کی کل ہونے والی تقریب ملتوی کردی گئی ہے۔
ترجمان حکومت پنجاب کے مطابق پنجاب کے تمام ثانوی تعلیمی بورڈز کے انٹر کے 2 اور 3 نومبر کے سپلیمنٹری پیپرز ملتوی کردیے گئے ہیں، ملتوی کیے گئے پیپرز کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔سوات یونیورسٹی میں بھی کل ہونے والے پرچے ملتوی کردیے گئے ہیں ، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔آزاد کشمیر بھر میں سرکاری سکولز میںآج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جامعہ کشمیر، نجی سکولز اور کالجز بھی آج بندہوں گے۔مزیدیہ کہ اگر حالات درست نہ ہوئے تو ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے آئندہ روز بھی بند رکھنے کاعندیہ دیا گیا ہے۔