تعلیم کو راستہ دو ہر بچے کو بستہ دو ؛سندھ حکومت

تعلیم کو راستہ دو ہر بچے کو بستہ دو ؛سندھ حکومت

کراچی(کرئیرکاروان)سندھ کے وزیر برائے محنت وافرادی قوت غلام مرتضی بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ صوبے بھر میں تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہے،والدین، اساتذہ، طلباء اور معاشرے کے دیگر اسٹیک ہولڈرز کی بھی زمہ داری ہے کہ وہ آگے آئیں اور صوبے میں تعلیم کے فروغ میں حکومت کا ساتھ دیں۔ یہ بات انہوں نے محکمہ تعلیم حکومت سندھ کی جانب سے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور اسکولز میں داخلوں کی شرح بڑھانے کے لئے پپری سے ملیر پریس کلب تک نکالی جانے والی ریلی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ریلی میں ملیر کے اسکولی طلبہ و طالبات اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ ریلی میں شریک طلبہ کے ہاتھوں میں پلے کارڈ تھے جس پر تعلیم اجاگر کرنے کے نعرے درج تھے۔ صوبائی وزیر برائے محنت اور افرادی قوت غلام مرتضی بلوچ نے کہا کہ سندھ حکومت کا نعرہ ہے تعلیم کو راستہ دو ہر بچے کو بستہ دو ۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ حکومت سندھ نے تعلیم کے فروغ کے لئے نہ صرف مفت تعلیم فراہم کررہی ہے بلکہ بچیوں کو تعلیم کی طرف  راغب کرنے کے لئے ان کو وظائف بھی دئیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت سندھ ہی  کا کارنامہ ہے کہ نویں جماعت سے بارھویں جماعت تک داخلہ ، انرولمنٹ اور امتحانی فیس معاف کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی ایک اٹل حقیقت ہے کہ جب تک مزدور کا بچہ تعلیم حاصل نہیں کرے گا اس وقت وہ آگے  نہیں بڑھ  سکے گا۔
غلام مرتضی بلوچ نے کہا کہ محکمہ محنت سندھ کی پوری کوشش ہے کہ اس کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے مزدوروں کے بچوں کو تعلیم اور ترقی کے بہتر مواقع مہیا کئے جائیں۔ صوبائی وزیر برائے محنت اور افرادی قوت غلام مرتضی بلوچ نے کہا کہ سندھ حکومت تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اساتذہ کے ساتھ ساتھ والدین بھی بچوں کی تعلیم پر خاص دھیان دیں تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکیں۔