اورینٹل کالج کی 123ویں سالانہ کھیلوں کی تقریب تقسیمِ انعامات کا انعقاد

لاہور (کرئیر کاروان) پنجاب یونیورسٹی اورینٹل کالج کے زیر اہتمام 123 ویں سالانہ کھیلوں کی تقسیم انعامات کی تقریب شیرانی ہال میں منعقد ہوئی۔اس موقع پرڈین فیکلٹی آف اورینٹل لرننگ پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد فخرالحق نوری ، صدر سپورٹس کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، سیکریٹری سپورٹس کمیٹی محمدعتیق خان، پروفیسرڈاکٹرضیاء الحسن ، فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹرمحمدسلیم مظہر نے کھیلوں کے کامیاب مقابلوں کے انعقاد پرپروفیسر ڈاکٹرمحمدکامران ، محمدعتیق خان، اسپورٹس کمیٹی کے اراکین ،صدورِ شعبہ جات اورپرنسپل اورینٹل کالج پروفیسرڈاکٹرمحمدفخرالحق نوری کومبارک باد پیش کی ۔
 
 
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی اہمیت مسلمہ ہے اوردنیا بھر کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کو غیرمعمولی اہمیت دی جاتی ہے۔
 
پروفیسر ڈاکٹرمحمدکامران نے کہا کہ کھیلیں ،شخصیت سازی میں اہم کردار اداکرتی ہیں ، طلبہ و طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں خاص طور پر کھیلوں کے مقابلوں میں ذوق و شوق سے حصہ لینا چاہیے۔بعد ازاں 123ویں سالانہ کھیلوں کے مقابلوں میں کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات کو میڈلز ،شیلڈز اورتعریفی اسناد سے نوازا گیا۔رواں برس ان مقابلوں میں شعبہ عربی کومجموعی طورپر بہترین ٹیم ہونے کااعزاز ملا۔
تقریب کے اختتام پر صدرِ محفل ،پرنسپل اورینٹل کالج پروفیسرڈاکٹرمحمدفخرالحق نوری نے سپورٹس کمیٹی کے اراکین اور انعامات حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کومبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اورینٹل کالج کے طلبہ و طالبات نے کھیلوں کے بین الکلیاتی مقابلوں کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر بھی پنجاب یونیورسٹی کانام روشن کیا ہے۔ انھوں نے کھیلوں کے انعقاد میں معاونت کرنے والے ملازمین میں نقد انعامات تقسیم کیے۔