جھنگ کا طالبعلم کروڑ پتی کیسے؟

چند روز قبل کراچی کے فالودہ فروش کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا جس پر ایف آئی اے نے فالودہ فروش عبد القادر کو تفتیش کے لیے طلب کیا تھالیکن اُس کے بعد جھنگ کے ایک طالبعلم کے اکاؤنٹ میں بھی کروڑوں روپے موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
 جھنگ کے رہائشی نوجوان کے بنک اکاؤنٹ میں 17 کروڑ روپے موجود ہونے کا انکشاف ہوا جس کے بعد نیب نے نوجوان کوتحقیقات کے لیے طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق جھنگ میں سیٹلائٹ ٹاؤن کے رہائشی نوجوان اسد علی کے اکاؤنٹ میں 17 کروڑ روپوں کا انکشاف ہواجب کہ اسد علی نے اس سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔دوسری جانب ایف آئی اے نے طالب علم کو اکاؤنٹ اور ٹیکس گوشواروں سمیت پراپرٹی کی تفصیل کے ساتھ پیش ہونے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔طالب علم کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے طلب کرنے پررقم کی موجودگی کاعلم ہوا۔اسد علی کے اہل خانہ ایف آئی اے کا نوٹی فکیشن ملنے کے بعد پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔نوجوان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسد انجینئرنگ مکمل کرنے کے بعد نوکری کی تلاش میں ہے۔وہ بے روزگار ہے تو اکاؤنٹ میں اتنے پیسے کہاں سےآئے ، ہمیں اس حوالے سے کچھ علم نہیں ہے۔