خواتین کی تعلیم مردوں سے زیادہ اہم ہے:وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد

وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے کہا ہے کہ ملک اور معاشرے کی ترقی کے لئے ہمیں اساتذہ، طلباءاور نصاب کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا ہو گا۔ وہ الرزی ہال میں بی۔اے/بی ایس سی کے امتحانات 2018ء میں پوزیشنز ہولڈرز سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ خواتین کی تعلیم مردوں سے زیادہ اہم ہے کیونکہ ایک ماں اگر تعلیم یافتہ ہو تو ایک مہذب معاشرے کی تشکیل دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہائر ایجوکیشن کے شعبہ میں صرف 35 فیصد اساتذہ پی ایچ ڈی ہیں جبکہ یہ تعداد 100 فیصدہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اب میرٹ پر کام کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں کیونکہ اب ایسا دور آ چکا ہے جس میں وہ بقاءکا مستحق ہو گا جو بہترین ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیمی اداروں کی بنیادی ذمہ داری علم کی تخلیق کرنا اور اس کے ثمرات ملک و قوم تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اسی لئے ہمارا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور ملکی ترقی میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔ تقریب کےآخر میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے یونیورسٹی کے ملازمین اور مانیٹرنگ ٹیموں کے لیے انعامات کا بھی اعلان کیا۔