خیبرمیڈیکل یونیورسٹی میں3 روزہ بین الاقوامی بیسک میڈیکل سائنسزکانفرنس کاآغاز

پشاور(نمائندہ کریئر کاروان)خیبرمیڈیکل یونیورسٹی پشاور کے زیر اہتمام پہلی سالانہ تین روزہ بین الاقوامی بیسک میڈیکل سائنسزکانفرنس شروع ہوگئی ہے،کانفرنس کا بحیثیت مہمان خصوصی افتتاح کرتے ہوئے وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسرڈاکٹر ارشد جاوید نے کہا ہے کہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے پہلے دو سالوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے دوران فزیالوجی، اناٹومی، بائیوکیمسٹری، فارماکالوجی، فارنزک میڈیسن اورکمیونٹی میڈیسن کے بیسک میڈیکل سائنسز سے متعلق مضامین پڑھائے جاتے ہیں اس لئے ملک میں بڑھتے ہوئے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی تعداد کے پیش نظر بیسک میڈیکل سائنسز کے مضامین کی اہمیت اور افادیت میں بے پناہ اضافہ ہو اہے ،بیسک میڈیکل سائنسز کی اہمیت مسلمہ ہے۔
کانفرنس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر دیگرکے علاوہ نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز اسلام آباد کے پرو وائس چانسلر میجر جنرل(ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم ،کے ایم یو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جواد احمد،آئی بی ایم ایس کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ظل ہما،بیرون اور اندورن ملک سے آئے ہوئے مہمان مقررین،طبی ماہرین اور طلباءوطالبات کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔