دہشتگردوں کا گورنمنٹ پرائمری سکول پر حملہ

ذرائع کے مطابق چترال میں پاک افغان بارڈر ارندو گول میں واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔ دہشت گردوں نے سکول میں گھس کر فائرنگ کی اور دستی بموں سے حملہ کیا جس سے سکول کی عمارت تباہ ہوگئی۔واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری متاثرہ سکول کا معائنہ کرنے گئی تو دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر بھی فائرنگ شروع کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ پر جنگل میں چھپے دہشت گرد فرار ہو گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سکول کی چھٹی ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم سکول کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔اس سے قبل بھی دہشت گردوں نے سکولوں کو نشانہ بنایا لیکن اس بار سکول میں بچوں اور سٹاف کے نہ ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس اور انٹیلی جنس ادارے واقعے کی چھان بین کرنے میں مصروف ہیں۔