زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں سکالرشپ وڈیبٹ کارڈزتقسیم

فیصل آباد(نمائندہ کرئیر کاروان) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں پروفیشنل ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے تعاون سے ایک تقریب کیس آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوانے مہمان خصوصی جبکہ یو ایس ایڈ میرٹ و نیڈبیسڈ سکالرشپ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر محمد اظہر علی خاں مہمان اعزاز کے طورپر شرکت کی۔تقریب میں 17طلباءو طالبات میں تعلیمی اخراجات کیلئے 8لاکھ 75ہزار روپے کے سکالرشپس تقسیم کیے گئے،اس کے علاوہ یو ایس ایڈ میرٹ و نیڈ بیسڈسکالرشپ پروگرام میں 74طلبہ میںڈیبٹ کارڈزتقسیم کئے گئے۔
اس موقع پر سکالرشپ حاصل کرنے والے طلباءو طالبات سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے کہاکہ یونیورسٹی میں ملک کے دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے زیرتعلیم 26ہزار طلباءو طالبات میں سے تقریباً30فیصد نوجوان کسی نہ کسی حوالے سے مالی معاونت حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ اپنی تمام تر صلاحیتیں تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں پر وقف کریں اور نمایاں حیثیت میں اپنی ڈگریاں مکمل کرکے اپنے ساتھ ساتھ ادارے کی نیک نامی میں بھی اضافہ کریں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ یہاں آنیوالے نوجوان زیور تعلیم کے ساتھ ساتھ ایک اچھا اور ذمہ دار شہری بن کر مارکیٹ میں جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہرچندسوشل میڈیا اور موبائل ہماری زندگی میں بہت اہمیت اختیار کر چکے ہیں تاہم وہ چاہیں گے کہ نوجوان روزانہ کم سے کم ایک گھنٹہ جسمانی صحت کو یقینی بنانے کیلئے گراﺅنڈز میں بھی جائیں تاکہ وہ ہر لحاظ سے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے تیار ہوسکیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنٹس و یونیورسٹی ایڈوانس منٹ پروفیسر ڈاکٹر منظور احمد چوہدری نے کہا کہ ان کی ٹیم ہر سال میں یونیورسٹی میں زیرتعلیم 26ہزار طلبہ میں سے ساڑھے سات ہزار طلباءو طالبات میں تقریباً 60کروڑ روپے سے زائد کے سکالرشپ تقسیم کرتی ہے۔