چیئرمین سٹار ایشیا نیوز ظہیرالدین بابر انتقال کر گئے

سٹار ایشیا نیوز چینل کے روح رواں اور چیئرمین ظہیرالدین بابر قضائے الٰہی سے وفات فرما گئے۔انہیں جگر سمیت دیگر عارضے لاحق تھے۔ جگر کے ٹرانسپلانٹ کے لئے وہ لگ بھگ 5 ماہ سے بھارت میں تھے اور وہیں ان کی وفات ہوئی۔ جہان دیدہ شخصیت اور حلیم طبیعت کے مالک ظہیرالدین بابر پچھلے کچھ عرصہ سے علیل تھے اور علاج کی غرض سے بھارتمیں موجود تھے۔کچھ عرصہ قبل ظہیرالدین جگر ٹرانسپلانٹ کے 

لیے بھارت میں نیو دہلی کے مشہور ہسپتال میکس میں داخل ہوئے تھے۔آپریشن کے بعد مرحوم کی طبیعت بہتر ہونے کی بجائے دن بدن بگڑتی چلی گئی۔
مرحوم ایک نیک صفت اور ہر دلعزیز شخصیت تھے، دوستوں کے دوست اور بہت خدا ترس تھے۔کتابیں پڑھنے کی بے حد شوقین تھے اور اُن کی لائبریری میں ہزاروں کی تعداد میں کتابیں موجود ہیں۔ اسلامی تاریخ پر ان کو عبورحاصل تھا اور اسی مناسبت سے اسلامی تعلیمات پر سٹار ایشیا نیوز پر ہفتہ وار پروگرام بھی کرتے تھے۔
 ظہیر الدین بابر مرحوم طے شدہ تاریخ پر بھارت جانے کی بجائے عمرہ کے لئے خانہ کعبہ چلے گئے تھے ، اس سلسلے میں انہوں نے اپنے دوستوں کو بتایا تھا کہ جگر کے ٹرانسپلانٹ کے دوران ناکامی کی صورت میں مریض وفات پا جاتا ہے سو وہ چاہتے تھے پہلے اللہ کے در پر حاضری دیں اور پھر علاج کے لئے جائیں۔ بھارت میں ابتدائی طور پر ان کے جگر کی پیوند کاری ہوئی لیکن اس کے بعد انفیکشن کی وجہ سے ان کی حالت بہتر نہ ہو پائی۔ علاج کے مختلف مراحل کے دوران ان کی حالت مزید بگڑتی گئی اور آج بھارت میں ان کا انتقال ہو گیا۔مرحوم جمیعت علمائے اسلام (سمیع الحق گروپ) پنجاب کے سیکریٹری اطلاعات بھی رہے۔بنیادی طور پر رئیل سٹیٹ کے بزنس میں تھے اورکچھ عرصہ قبل ہی ٹی وی بزنس میں قدم رکھا۔اللہ تعالی مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔