وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر چین میں موجود 150طلباء کے لیے سکالرشپ فنڈز جاری

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر چین میں موجود 150طلباء کے لیے سکالرشپ فنڈز جاری
لاہور(کرئیرکاروان)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر چین میں موجود 150طلباء کے لیے 200ملین کے سکالرشپ فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے چین میں موجود 150طلباء کے لیے 200ملین کے سکالرشپ فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دور حکومت میں پاکستانی طلبہ کوچین جا کر اسکالرشپ پر پڑھنے کی آفر دی گئی تھی۔
اس اسکالرشپ اسکیم کے تحت کئی طلبہ چائنیز لینگوایج کی تعلیم مکمل کر کے وطن واپس آ گئے ہیں اور معقول آمدنی بھی کما رہے ہیں مگر کچھ طلبہ ابھی بھی چین میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ البتہ گزشتہ ماہ سے موجودہ حکومت نے کچھ وجوہات کی بنا پرچین میں موجود پاکستانی طلبہ کے لیے اسکالرشپ کی رقم فراہم کرنا بند کر دی تھی جس وجہ سے طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
صوبہ پنجاب کی حکومت کی جانب سے تعلیمی وظیفے کی رقم نہ دینے کے باعث چین میں زیرتعلیم پاکستانی طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔صوبہ پنجاب کے سابق وزیرِ اعلیٰ شہباز شریف کی جانب سے چائنیز لینگوایج اسکالرشپ پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا جس کے تحت پنجاب بھر سے چار مرحلوں میں 500 طالبِ علموں کو دو سال کے لیےچین کی مختلف یونیورسٹیوں میں بھییجا گیا تھا۔
پہلے تین فیز کے طالبِ علم اپنے کورسز مکمل کر کے واپس آچکے ہیں تاہم چوتھے فیز کے 150 طالبِ علم اب بھی چین کے مختلف شہروں میں موجود ہیں۔ جہاں دو ماہ سے ماہانہ وظیفہ نہ ملنے کے سبب ان طالبعلموں کو مخلتف مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ صورتِ حال یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ کھانے پینے اور سفر کے لیے ان کو مقامی افراد اور چینی استادوں سے قرض لینا پڑ رہا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ وہ بھی رقم کی واپسی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
چین میں زیر تعلیم پاکستانی طالبعلم احسان نعیم کا کہنا ہے کہ انھیں ہر ماہ 2800 یوآن بینک آف پنجاب کے ذریعے ملتے تھے جو کہ پاکستانی 60 ہزار روپے بنتے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ سال نومبر میں بھی ایک ماہ انھیں اسکالرشپ کی یہ رقم نہیں ملی تھی تاہم میڈیا پر بات آنے کے بعد فنڈز ریلیز کر دیے گئے تھے۔ طلباء کا کہنا ہے کہ اب پھر اپریل سے فنڈز بند ہیں اور وہ چین میں اپنے چینی دوستوں سے ادھار لے رہے ہیں البتہ اب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر چین میں موجود 150طلباء کے لیے 200ملین کے سکالرشپ فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔