سرکاری و نجی سکولز و کالجز کب تک بند رہیں گے؟

لاہور(نمائندہ خصوصی) پنجاب اورخیبر پختونخوا میں سرکاری و نجی سکول آج بند رکھے گئے، پنجاب تعلیمی بورڈز نے تمام امتحانات بھی ملتوی کر دیئے، نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ سندھ حکومت کا تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ، بلوچستان میں بھی سکول معمول کے مطابق کھلیں گے۔ پرائیوٹ سکولز ایسوسی ایشن نے سکولز جب کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کالجز کو بھی غیر معینہ مدت تک بند رکھنے کا اعلان کیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں آسیہ بی بی سے متعلق فیصلہ کے بعد مذہبی جماعتوں کے احتجاج کے پیش نظر پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ جبکہ سندھ بلوچستان میں تدریسی عمل جاری رہے گا۔ نجی اسکول ایسوسی ایشن نے محکمہ تعلیم سندھ سے بھی اپیل کی ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر اسکول بند رکھنے کا اعلان کر دیا جائے۔
پورے پنجاب میں تعلیمی ادارے آج بند رکھنے کا فیصلہ، شاہراہوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے، چیئرنگ کراس مال روڈ، داتا دربار اور شاہدرہ چوک پر سڑکیں بلاک ہیں۔ وہاڑی بھر میں آج تمام نجی اسکولز بند ہیں، ملتان میں وفاقی تعلیمی بورڈ کے تحت پانچویں اور آٹھویں جماعت کے آج کے امتحانات ملتوی کر دیے گئے، امتحان کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کر دیا جائے گا۔یونیورسٹی آف سوات آج بھی بند ہے جس کے باعث ہونے والے پرچے ملتوی کردیے گئے، یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق پرچوں کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ کوئٹہ میں کیھتولک بورڈ، پاک ترک اسکول سمیت چند نجی سکولوں کی انتظامیہ کی جانب سے اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بلوچستان کے سیکرٹری تعلیم کے مطابق صوبے میں تمام سرکاری اسکول معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔