سی ایس ایس کا امتحان انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو زبان میں لینے سے متعلق قرارداد منظور

اسلام آباد (کرئیرکاروان) سینیٹ نے سی ایس ایس کا امتحان انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو زبان میں لینے سے متعلق قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری کر لی۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر سراج الحق کی جانب سے قرارداد ایوان میں پیش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اردو ہماری قومی زبان ہے اور دنیا میں جن ممالک نے بھی ترقی کی ہے انہوں نے اپنی زبان کو ہی ترقی کا زینہ بنایا۔ سینیٹر سسی پلیجو نے کہا کہ انگریزی زبان میں مہارت کے بغیر ترقی نہیں کی جاسکتی۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ ہمیں بتدریج آگے بڑھنا ہو گا۔ بعدازاں چیئرمین نے قرارداد ایوان میں ترمیم کے ساتھ پیش کی جسے منظور کر لیا گیا۔