عالمی رینکنگ میںپنجاب یونیورسٹی کی ترقی

لاہور(نمائندہ کریئر کاروان )پنجاب یونیورسٹی دنیا بھر کی یونیورسٹیوں کیلئے حالیہ جاری کردہQSرینکنگ میں ایشیا کی یونیورسٹیوں میںگزشتہ برس کی نسبت 39درجے ترقی پا کر 232ویں سے 193ویں نمبر پر آگئی۔ میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے ہر شعبہ میں تیزی سے بہتری آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کا مقصد نئے علوم کی تخلیق کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ گڈ گورننس، پنجاب یونیورسٹی کی شاندار روایات کو بحال کرنے، سماجی و معاشی اثر رکھنے والی تحقیق اور یونیورسٹی کو غیر سیاسی بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار ماہ میں یونیورسٹی کے تمام سٹیچوٹری باڈیز کے اجلاس منعقد کئے جا چکے ہیں اور سینیٹ کی میٹنگ 13 سال بعد منعقد ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں سسٹم منظم کرنے سے اس کی بین الاقوامی سطح پر رینکنگ بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں سوشل انٹر پینور سنٹر قائم کیا جائے گا جس سے معاشرے کے مسائل حل کرنے میں معاونت ملے گی۔