جامعہ کراچی میں ڈی این اے فورنسک لیبارٹری کے قیام میں اہم پیش رفت

جامعہ کراچی میں ڈی این اے فورنسک لیبارٹری کے قیام کے سلسلہ میں اہم پیش رفت ہوئی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صوبائی محکمہ صحت اور بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے درمیان ایک مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہوئے ہیں۔
 معاہدے پر دستخط صوبائی وزیرِصحت ڈاکٹر عذرا پیچو کی زیرِصدارت منعقدہ ایک تقریب کے دوران ہوئے۔واضح رہے کہ لیب کا قیام ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے تحت چلنے والے تحقیقی ادارے جمیل الرحمن سینٹر فار جینامکس ریسرچ میں ہوگا۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری برائے صحت ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ نے اس مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کیے، تقریب میں ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ دبیر اے خان، کیمیکل ایگزامنر عبدالوحید شیخ، بین الاقوامی مرکز کی پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین، ڈاکٹر اشتیاق احمد، ڈاکٹر شکیل احمد سمیت ڈاکٹر حنا صدیقی بھی موجودتھیں۔ یاد داشت کے مطابق محکمہ صحت سندھ260ملین روپے کی لاگت سے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی میں سیرولوجی (مصلیات) ڈی این اے فورنسک لیبارٹری قائم کی جائے گی۔