طلبہ و طالبات کے درمیان لیپ ٹاپ کی تقسیم

شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کی وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کی جانب سے وائیس چانسلر سیکریٹیریٹ میں گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ طلبہ و طالبات کے درمیان لیپ ٹاپ تقسیم کیے، جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کی مفت لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت پروگرام کے چوتھے فیز میں شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے 680طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیئے گئے۔

لازمی پڑھیں: تعلیمی اداروں میں کس چیز پر پابندی عائد

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے سابقہ حکومت کی لیپ ٹاپ اسکیم اور فیس واپسی اسکیم کوسراہا اور موجودہ حکومت سے اپیل کی کہ دیہی علاقوں کے طلبہ و طالبات کو فائدے پہنچانے کیلئے یہ اسکیمیں جاری رکھی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ غریب و نادار طلبہ و طالبات مستفیض ہو سکیں۔

اس موقع پر طلبہ و طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ آج کا دور مقابلے کا دور ہے۔ طلبہ و طالبات کو جدید سہولیات سے فائدہ اٹھا کرخود کو درپیش چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار کرنا ہوگا۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر سید اسد رضا عابدی رجسٹرار ، محمد ابراہیم کھوکھر میڈیا ترجمان، عمران علی سومرو و دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر لیپ ٹاپ اسکیم کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر مقصود ضیا نے بتایا کہ اس وقت تک گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ طلبہ و طالبات میں 4000لیپ ٹاپ تقسیم کیئے جاچکے ہیں۔ تقریب کی کاروائی لیپ ٹاپ اسکیم کے انچارج سید فیاض حسین شاہ نے سرانجام دی۔