ماسٹر ڈگری پروگرامز 2019ءکیلئے پری انٹری ٹیسٹ کی تاریخ تبدیل

جامشورو(نمائندہ خصوصی) جامعہ سندھ جام شورو اس کے تمام کیمپسز میں ماسٹر ڈگری پروگرامز 2019ءمیں داخلے کے لیے پری انٹری ٹیسٹ جو 28 اکتوبر کو ہونا تھا وہ اب 4 نومبر کو منعقد ہوگا۔ پری انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کے جائزے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پری انٹری ٹیسٹ سے متعلق کمیٹیوں کے کنوینرز نے شرکت کی۔ ڈاکٹر برفت نے ٹیسٹ کے سلسلے میں قائم کی گئی کمیٹیوں کے کنوینرز سے بالترتیب انتظامات، تیاریوں اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرتے ہوئے مطلوبہ ہدایات جاری کی۔ انہوں نے کنوینرز کو کو ایک دوسرے سے مستقل رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی کی۔ ڈاکٹر برفت نے کنوینرز کی دی گئی معلومات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان کی جانب سے کی گئی کوششوں کو سراہا۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ امیدواروں کی رہنمائی کے لیے سٹنگ ارینجمنٹ پلان (بیٹھنے کے انتظامات) یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کردیا جائے گا تاکہ ٹیسٹ میں شرکت کے لیے آنے والے امیدوار اپنے مطلوبہ سیٹ نمبر کو تلاش کرسکیں۔ڈاکٹر برفت نے کہا کہ پری انٹری ٹیسٹ کے لیے قائم کردہ کمیٹیاں ایک دوسرے کے تعاون سے ملکر کام کریں تاکہ ہر سال کی طرح اس سال بھی انٹری ٹیسٹ کامیابی سے منعقد کیا جا سکے۔