محکمہ تعلیم بند سکولوں کو کھولنے میں ناکام کیوں؟

پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ میں گزشتہ10 سالوں کے دوران محکمہ تعلیم میں بند سکولوں کو کھولنے میں ناکام رہی ہے جبکہ مختلف منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔حال ہی میں انکشاف ہوا ہے کہ صوبائی حکومت سندھ میں اربوں روپے کے بجٹ تعلیمی اصلاحات کے نام پر ملنے والے اربوں روپے کے غیرملکی فنڈنگ کے باوجود سندھ میں تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے میں یکسر ناکام رہی ،سندھ میں 48,655یں سے محض29,510سرکاری سکولز فعال ہیں جبکہ9,526 سکول غیرفعال ہیں جبکہ 5,619 سکولز تاحال بند پڑے ہیں۔ سندھ سکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ کے شعبہ مانیٹرنگ اینڈ ایولیشن سندھ کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے سکولوں میں 31 لاکھ طلبہ زیر تعلیم ہیں لیکن سکولوں میں صرف 13 لاکھ 35 ہزار 8 سو 43 طلبہ حاضر ہوئے ہیں جبکہ 17 لاکھ 64 ہزار 8 سو 58 طلبہ سکولوں سے غیر حاضر رہے یوں حاضر طلبہ کی شرح 43 فیصد جبکہ غیر حاضر طلبہ کی شرح 57فیصد ہے سندھ بھر کے متعدد سکولوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔
 اعداد وشمار کے مطابق سندھ کے15,197اسکولز یعنی 34فی صد سکولوں میں باؤنڈری وال موجود نہیں ہے، 29 فی صد سکولوں میں بجلی موجود نہیں۔31فی صد سکولوں میں پینے کا پانی دستیاب نہیں ۔43فی صد سکولوں میں واش روم دستیاب نہیں جبکہ 48.2 فی صد سکولوں میں فرنیچر تک دستیاب نہیں ہے۔
تعلیمی پسماندگی کے لحاظ سے سندھ کا ضلع سجاول سب سے پیچھے رہ گیا ہے جہاں 33.85 فی صد سکول مستقل بند جبکہ 29.35 فی صد سکول عارضی بنیادوں پر بند پڑے ہیں اسی طرح غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کی تعداد بھی سجاول میں سب سے زیادہ ہے اعدادو شمار کے مطابق سجاول میں 42.1 فیصد اساتذہ غیر حاضر پائے گئے دستاویزات کے مطابق حیدرآباد میں 903 سکولوں میں سے 54 عارضی اور 45 مستقل بند ہیں۔
 پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے حلقہ انتخاب لاڑکانہ کے 1226اسکولوں میں سے 139عارضی اور 45 اسکولز مستقل بنیادوں پر بند ہیں، سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے آبائی شہر ضلع بینظیرآباد کے 2772 سکولوں میں سے 278 سکولز عارضی اور 293 سکولز بند ہیں، سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کے آبائی شہر ،ضلع جامشورو کے 848 سکولوں میں سے 261 سکولز عارضی اور 106 سکولز مستقل بند پڑے ہیں۔کراچی کے 2418 سکولوں میں سے 183 عارضی اور 54 سکولز مستقل بند پڑے ہیں،دستاویزات کے مطابق سندھ میں 1,37,563 اساتذہ میں سے 1757 اساتذہ (گھوسٹ) روپوش ہیں۔