حکومت نے مرد حضرات پر پابندی لگادی

پشاور(نمائندہ خصوصی)مشیر تعلیم ضیاءاللہ بنگش نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر صوبے کے تمام گرلزسکولوں اور خواتین کے اسپورٹس مقابلوں کی تقریبات میں مردوں کی بطور مہمان خصوصی دعوت یا شرکت پر پابندی لگا دی۔ صوبے کے تمام ضلعی تعلیمی افسران کو اس حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ضیاء اللہ بنگش نے ہدایت کی ہے کہ لڑکیوں کے سکولوں میں جتنی بھی تقریبات منعقد ہوں، اُن میں خواتین صوبائی ارکان اسمبلی یا خواتین اعلیٰ افسران بطور مہمان خصوصی شرکت کریں، جب کہ گرلز سکولوں میں مرد حضرات کا داخلہ بند ہوگا۔ضیاءاللہ بنگش نے کہا کہ گرلز اسکولوں کی تقریبات یا کسی پروگرام میں مرد حضرات کو بطور مہمان خصوصی بھی نہ بلایا جائے، جبکہ گرلز سکول کے کسی پروگرام کو سوشل میڈیا پر مشتہر نہ کیا جائے۔ خواتین اسکولوں میں ہر قسم کی تقریبات کی میڈیا کوریج پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔