نوجوان انٹرپرنیورشپ کی طرف راغب ہو کر ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد

نوجوان  انٹرپرنیورشپ کی طرف راغب ہو کر ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد
چیچہ وطنی ۔ (کرئیرکاروان) پاکستان میں بے روزگاری کے خاتمے کے لیے نوجوانوں کو انٹرپرنیورشپ کی جانب راغب کرنا ہو گا۔ یہ بات ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ساہیوال کیمپس پروفیسر ڈاکٹر سلیم فاروق شوکت نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت جاری پروگرام ای روزگار سنٹر کے ساتویں بیچ میں داخلہ لینے والے نئے طلبا و طالبات کے لیے اورینٹیشن سیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نوجوان کاروبار کی طرف راغب ہو کر ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں۔ تمام پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا مشکل ہے کیونکہ ہمارے ملک میں سرکاری و نجی شعبے میں روزگار کے بہتر مواقع موجود نہیں ہیں، ان حالات میں طلبا کو کاروبار کی راغب کر کے ملک سے بے روزگاری کا مسئلہ بہتر طور پر حل کیا جا سکتا ہے کیونکہ نوجوان اپنا کاروبار شروع کر کے نہ صرف خود معاشی طورپر خوشحال ہوں گے بلکہ دوسروں کیلئے بھی روزگار کے مواقع پیدا کر کے غربت و بے روزگاری پر قابو پانے میں مثبت کردارا ادا کریں گے۔
 
اس موقع پر طلبا و طالبات کو ای۔روزگار پروگرام کا تعارف پیش کیا گیا۔ ای روزگار سنٹر کے فوکل پرسن اور سی یو آئی ساہیوال کیمپس کے ڈپٹی رجسٹرار صفدر علی نے بتایا کہ ساہیوال کا ای۔روزگار سنٹر پنجاب بھر میں قائم ای۔روزگار سنٹرز میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت طلبا و طالبات کو گھر بیٹھے اپنا ہنر عالمی منڈیوں میں فروخت کرنے کے بارے میں تربیت فراہم کی جاتی ہے۔