وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا پہلا ’پاکستان سائنس فیئر‘ منعقد کروانے کا اعلان

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پاکستان کے پہلے ’سائنس فیئر‘ منعقد کروانے کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں فواد چوہدری نے پاکستانی نوجوانوں کو ایک نوید سنائی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پہلے پاکستان سائنس فیئر کا انعقاد رواں برس اگست میں اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا جس میں طالبِ علم اپنے پروجیکٹ پیش کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس ایونٹ میں شرکت کیلئے درخواست وصولی کا سلسلہ جولائی میں شروع ہوجائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ نے کچھ تخلیق کیا ہے، اور وہ آپ پاکستان کو دکھانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے تیار ہوجائیں۔
واضح رہے کہ وزارت اطلاعات کے قلمدان سے مستعفی ہونے کے بعد فواد چوہدری نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا قلمدان سنبھالا اور ابتدا سے ہی اس وزارت میں متحرک نظر آرہے ہیں۔