پنجاب ہائرایجوکیشن کمیشن ای پورٹل کا اجراء کر دیا

لاہور (نمائندہ کریئر کاروان) پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے صوبے بھر کی جامعات سے معلومات کے حصول کے لیے ای پورٹل کا اجراء کر دیا ہے ای پورٹل کی بدولت جامعات سے طلباء و طالبات، اساتذہ ، پیش کیے جانے والے پروگراموں اور سب کیمپسز کی جملہ اور تازہ ترین معلومات ایک ہی جگہ پر دستیاب ہوں گی جس سے اعلیٰ تعلیم پرموثر پالیسی سازی میں مدد حاصل ہوگی۔
اجراء کی تقریب پی ایچ ای سی کے زیر اہتمام فیکلٹی ڈویلپمنٹ اکیڈمی لاہور میں ہوئی جس میں ڈائریکٹر جنرل پی ایچ ای سی ضیاء بتول ، ڈائریکٹر آصف منیر اور 25 نجی جامعات کے سینئر انتظامی افسران نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ ضیاء بتول کا کہنا تھا کہ موثرفیصلہ سازی کے لیے درست ، تصدیق شدہ اور تازہ ترین معلومات کی دستیابی انتہائی ضروری ہے۔
ای پورٹل کا اجراء پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے اعلیٰ تعلیم پر موثر پالیسی سازی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ای پورٹل کا استعمال انتہائی آسان ہے جس سے روایتی ڈاک کے طریقوں کی نسبت معلومات کا حصول بروقت اور بلا دقت ہو گا۔ اورجامعات سے متعلقہ ساری معلومات تک ہی پلیٹ فارم پر میسرہوں گی۔ اس موقع پر نجی جامعات کے سینئر انتظامی افسران کو ای پورٹل کے استعمال کی تربیت بھی دی گئی۔ ای پورٹل کا اجراء پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن انفارمیشن مینجمنٹ اور سسٹم ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کیا گیا ۔