پنجاب یونیورسٹی نے دو طلبہ اور ایک سکیورٹی گارڈ کو معطل کر دیا

لاہور(نمائندہ کریئر کاروان ) پنجاب یونیورسٹی شعبہ ہسٹری کے نزدیک ایک شخص کو تھپڑ مارنے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے واقعہ میں ملوث دو طالبعلموں اور ایک سکیورٹی گارڈ کو معطل کردیا۔ میڈیا کو جاری اپنے بیان میں پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے رجسٹرار کو طلبہ اور سکیورٹی گارڈ کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا۔ترجمان کے مطابق ایک گارڈ محمد جاوید جبکہ انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیزکے محمد مظہر اور انسٹی ٹیوٹ آف جیالوجی کے عثمان انورکو معطل کر کے اس ضمن میں شوکاز نوٹسز بھی جاری کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی ڈسپلنری کمیٹی قانون کے مطابق کارروائی کرے گی جبکہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی ہر گز اجازت نہیں دی جاسکتی۔ترجمان نے کہا ہے کہ وائس چانسلر نے انتظامیہ کو یونیورسٹی میں امن وامان کو برقرار رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں پر امن تعلیمی ماحول کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔