چینی تحقیقی ادارہ پاکستانی سائنسدان پروفیسر عطا الرحمن کے نام سے منسوب ،باقائدہ افتتاح اکتوبر میں ہونے والی پانچویں سالانہ بائیو ٹی سی ایم انٹر نیشنل کانفرنس میں ہوگا۔

چینی تحقیقی ادارہ پاکستانی سائنسدان پروفیسر عطا الرحمن کے نام سے منسوب
،باقائدہ افتتاح اکتوبر میں ہونے والی پانچویں سالانہ بائیو ٹی سی ایم انٹر نیشنل کانفرنس میں ہوگا۔
کراچی (کرئیرکاروان) چین کی ممتاز حنان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن کے نئے تحقیقی ادارے کا نام پاکستان کے معروف سائنسدان اور ماہر تعلیم پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن کے نام سے موسوم کیا جائے گا۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چین کی ممتاز حنان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن نے فیصلہ کیا ہے کہ اس کے نئے تحقیقی ادارے کا نام پاکستان کے معروف سائنسدان اور تعلیم دان پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن کے نام سے موسوم کیا جائے گا۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ایک سینئرآفیشل کے مطابق حنان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن نے اپنے نئے ادارے کا نام ’’اکیڈمیشن پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن ون بیلٹ ون روڈ ٹی سی ایم ریسرچ سینٹر‘‘ طے کیا ہے جس کا باقائدہ افتتاح 23 تا 25 اکتوبر کے دوران پانچویں سالانہ بائیو ٹی سی ایم انٹر نیشنل کانفرنس میں ہوگا۔
 
اس تقریب میں وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری بھی شرکت کریں گے۔پروفیسر عطا الرحمن وزیراعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین، سائنس اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کے قیام کے لیے ٹاسک فورس کے وائس چیئر مین اور ٹاسک فورس برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کوچیئر مین کے عہدوں پر فائز ہیں جبکہ ماضی میں چیئر مین اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان اور وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے مناصب پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
پروفیسر عطا الرحمن نے نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اس ضمن میں انکی 1142 سے زیادہ بین الاقوامی اشاعتیں، نامیاتی و غیر نامیاتی کیمیاء، این ایم آر اسپیکٹرواسکوپی اور نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے موضوعات پر امریکہ، یورپ اور جاپان میں طباعت شدہ 254کتب اور بین الاقوامی سائنسی جرائد میں775 سے زیادہ تحقیقی اشاعتیں قابل ذکر ہیں، 43 پیٹنٹ بھی ان کے نام ہیں۔
ان کی زیرِ نگرانی82 طالب علموں نے پی ایچ ڈی کی سند حاصل کی ہے۔ پروفیسر عطا الرحمن آٹھ یورپی ریسرچ جرنل کے مدیِرِ اعلیٰ ہیں جبکہ متعلقہ مضمون سے متعلق دنیا کی نمایاں انسائکلوپیڈیا کے مدیر بھی ہیں۔ پروفیسر عطا الرحمن کو نہ صرف بین الاقوامی ایوارڈ حاصل ہوئے ہیں بلکہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے انہیں تمغہٴ امتیاز، ستارہٴ امتیاز، ہلالِ امتیاز اور نشانِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے۔