انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی سٹڈیز (آئی پی ایس) اسلام آباد اور چین کی ہائیبی یونیورسٹی کے ریسرچ سنٹر فار سوشل ڈویلپمنٹ آف اسلامک کنٹریز (آر سی ایس ڈی آئی سی) کے درمیان ایک مفاہمتی معاہدہ طے پا گیا

انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی سٹڈیز (آئی پی ایس) اسلام آباد اور چین کی ہائیبی یونیورسٹی کے ریسرچ سنٹر فار سوشل ڈویلپمنٹ آف اسلامک کنٹریز (آر سی ایس ڈی آئی سی) کے درمیان ایک مفاہمتی معاہدہ طے پا گیا 
اسلام آباد ۔ (کرئیرکاروان) انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی سٹڈیز (آئی پی ایس) اسلام آباد اور چین کی ہائیبی یونیورسٹی کے ریسرچ سنٹر فار سوشل ڈویلپمنٹ آف اسلامک کنٹریز (آر سی ایس ڈی آئی سی) کے درمیان ایک مفاہمتی معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت مشترکہ تحقیق، مطبوعات کی اشاعت اور صلاحیتِ کار میں اضافہ کیلئے ایسے پروگرام ترتیب دیئے جاِئیں گے جن کے ذریعے دونوں پڑوسی ممالک کے مابین تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ اور لوگوں کے درمیان علمی تبادلے کو ممکن بنایا جا سکے گا۔
آئی پی ایس کے ایگزیکٹو صدر خالد رحمٰن اور آر سی ایس ڈی آئی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر بائی گوئی کے دستخطوں سے تکمیل پانے والے اس مفاہمتی سمجھوتہ کے ذریعے دونوں اداروں کے درمیان ایک فریم ورک تشکیل دیا گیا ہے جو باہمی دلچسپی کے ایسے متفرق میدانوں میں تعاون اور اشتراک پر کام کرے گا جو میڈیا سٹڈیز، ثقافتی روابط، اسلامک ممالک میں سماجی ترقی ،پاک چین تعلقات ، اور اس جیسے دیگر موضوعات کا احاطہ کرے گا۔
یہ معاہدہ ابتدائی طور پر تین سال تک مؤثر رہے گا جس کے دوران دونوں ادارے علمی مہارت کے اشتراک کے ساتھ ساتھ چینی اور پاکستانی تہذیبوں کی باہمی تفہیم کو بہتر بنانے کے مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے مشترکہ تحقیق اور طباعت کے میدان میں جدوجہد، علم و حکمت اور مہارت کے وسائل میں اشتراک، دانشوروں کے درمیان ڈائیلاگ کے فروغ، دونوں ممالک کے ماہرین اور پالیسی حلقوں کی طرف سے مختلف نوعیت کے علمی پروگراموں میں تبادلہِ خیال ،اور گونا گوں موضوعات پر تربیتی پروگراموں اور ورکشاپوں کے انعقاد پر کام کریں گے۔
اس معاہدے کے ضمن میں پہلی سرگرمی کا انعقاد ہائیبی یونیورسٹی کے سکول آف جرنلزم اینڈ کمیونیکیشن میں خالد رحمٰن کے ’’ہائبرڈ جنگ کے عہد میں چین پاکستان تعلقات‘‘ کے موضوع پر دیے گئیایک لیکچر سے ہوا۔ لیکچر سے مستفید ہونے والوں میں یونیورسٹی ڈیپارٹمنٹس کے اساتذہ اور تحقیق کاروں کے ساتھ ساتھ بیلٹ اینڈ روڈ ممالک سے تعلق رکھنے والے غیرملکی طلباء بھی شامل تھے جنھوں نے تقریر کے اختتام پر اسکی خوب پذیراء کی۔ بعد ازاں ایگزیکٹو صدر آئی پی ایس نے آر سی ایس ڈی آئی سی کے تحقیق کاروں کے ساتھ منعقدہ ایک علیحدہ خصوصی نشست میں مشترکہ دلچسپی کیعلمی امور پر تبادلہِ خیال کیا اور اس کے ذریعے آنے والی سرگرمیوں کی بنیاد ڈالی۔