ڈاکٹر عطش درانی کی وفات پر اظہار تعزیت

کمپیوٹر پر اردو زبان کا استعمال عطش درانی مرحوم کی شب و روز کاوشوں سے ممکن ہوا۔

 اسلام آباد،لاہور (نمائندہ کریئر کاروان)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے چیئرمین عبدالعزیز ساحر نے ڈاکٹر عطش درانی کی وفات پر انتہائی دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی تخلیق کاروں میں آفاقی کام کرنے والے چند افراد میں ڈاکٹر عطش درانی کا نام سرفہرست ہے جنہوں نے کتابوں کی دیواریں اور عمارتیں تعمیر کیں۔
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے چیئرمین عبدالعزیز ساحر نے کہا کہ دنیا بھر میں آج کمپیوٹر پر اردو زبان کا استعمال عطش درانی مرحوم کی شب و روز کاوشوں سے ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عطش درانی کی انگریزی ادب کے حوالے سے بھی تصنیفات ہیں مگر جب اقوام متحدہ میں ان کو خطاب کا موقع ملا تو انہوں نے اپنی قومی زبان اردو کا انتخاب کیا۔ ڈاکٹر وسیم انجم نے کہا کہ ڈاکٹر عطش درانی نے ادیبوں کو ایک نئی سوچ دی اور ادب کی دنیا میں نئی جہتوں پر کام کیا، ان کا خلاءکبھی پورا نہیں ہو سکتا۔