توہین عدالت پر سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کو نوٹس جاری

لاہور(کرئیرکاروان)لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی کارروائی کے لئے دائر درخواست پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔ لاہو رہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کینٹ کے محمد عمران کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ اس کے والد ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں ملازم تھے ۔ دوران سروس ان کا انتقال ہو گیا ۔درخواست گزار نے ایم ایس سی ہونے پر باپ کے کوٹہ پر ٹیچر بھرتی کے لئے درخواست دی جسے مسترد کر دیا گیا ۔فاضل عدالت نے درخواست دادرسی کے لیے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کو بھجوا ئی تھی تاہم فاضل عدالت کے 9 مئی 2018کے حکم کی پاسداری نہیں کی جارہی ہے ۔درخواست گزار نے استدعا کی  ہے کہ عدالت سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے ۔