بیگم کلثوم نواز لندن میں انتقال کرگئی

پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز لندن میں انتقال کرگئی ہیں۔ بیگم کلثوم نواز سرطان کے مرض میں مبتلا تھیں اور گزشتہ ایک سال سے لندن میں زیرِ علاج تھیں۔ شریف خاندان نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی تصدیق کردی ہے لیکن تاحال ان کی تدفین کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے۔ امکان ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی میت پاکستان لائی جائے گی۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ان کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی خبر دے دی گئی ہے اور تینوں افراد کو جیل کے ایک ہی کمرے میں جمع کردیا گیا ہے۔تاحال یہ واضح نہیں کہ آیا حکومت میاں نواز شریف اور مریم نواز کو کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے پیرول پر رہا کرے گی یا نہیں۔
 

پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے انھیں ’بہادر خاتون‘ قرار دیا ہے۔ عمران خان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شریف خاندان اور ان کے سوگواران کو قانون کے مطابق تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔