ہمارے اساتذہ ریسرچرز اور لائبریری کے عملے کو روایتی عادتیں بدلنا ہوں گی،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود انصاری

ہمارے اساتذہ ریسرچرز اور لائبریری کے عملے کو روایتی عادتیں بدلنا ہوں گی،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود انصاری
ملتان ۔27مئی(کرئیرکاروان) شعبہ شماریات ،بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کی لائبریری کا افتتاح کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود انصاری نے کہاہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے دنیا میں انقلاب برپا کردیا ہے ہمارے اساتذہ ریسرچرز اور لائبریری کے عملے کو روایتی عادتیں بدلنا ہوں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ یونیورسٹی بہت جلد سلیکشن بورڈ کے ذریعے آئی ٹی کے ماہرین کی خدمات حاصل کرے گی۔ اسطرح یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق لیبارٹریوں اور لائبریریوں کی سہولتیں اپنے طلب گاروں پر ارزاں ہوجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ لائبریری کے قیام کی وجہ سے طلباء جدید تعلیم کے حصول سے آراستہ ہوں گے ۔ انہوں نے چیئرمین شعبہ شماریات ڈاکٹر محمد اسلم اور ان کے رفقاء کو مبارک باد پیش کی کہ انہوں نے پہلی مرتبہ اس یونیورسٹی بلکہ اس خطہ کی درس گاہوں میں لائبریری میں موبائل ایپ کو متعارف کرایا ہی․ جس کے نتیجہ میں اس لائبریری کے تمام ارکان اپنے موبائل پر ہی مطلوبہ کتب کا اطلاعاتی ڈیجیٹل ورجن حاصل کرسکیں گے۔ اس موقعہ پر یونیورسٹی انجینئر عمران شیخ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ اس پراجیکٹ کی کل لاگت گیارہ ملین تھی اور مدت تکمیل ایک سال تھی جو کہ مقررہ مدت کے اندر مکمل کیاگیا ہی․ گرائونڈ فلور پر دفتر ، ہال ، اور فرسٹ فلور پر لائبریری ہے۔