اوپن یونیورسٹی میں2 روزہ چوتھی عالمی کانفرنس

اسلام آباد(کریئر کاروان)”کیمسٹری میں جدید رجحانات “کے عنوان سے 2روزہ چوتھی عالمی کانفرنس علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میںمنعقد ہوئی۔کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےیونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ،”معاشرے کی بہتری کے لئے سوچنا اور اقدامات کرنا ہم سب پر معاشرے کا قرض ہے کیونکہ اِس معاشرے نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے حالیہ برسوں میں معاشرے کی فلاح و بہبود کے لئے جو اقدامات کئے ہیںاُن میں ملک کے چار محروم طبقات )جیلوں میں مقید افراد ، خواجہ سراء، معذور افراد اور ڈراپ آﺅٹ گرلز( کے لئے مفت تعلیمی منصوبے ، فاٹا اور بلوچستان کے لئے میٹرک کی مفت تعلیم، بصارت سے محروم طبقات کے لئے ای لرننگ ایکسسی بلٹی مراکز ، نئی نسل کو تحقیقی و تخلیقی سرگرمیوں کی طرق راغب کرنے کے لئے تحقیقی مجلوں کی اشاعت اور کانفرنسسز کا انعقادسرفہرست اقدامات ہیں“۔
ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی تحقیقی سرگرمیوں اور کانفرنسسز کے انعقاد کے لئے فنڈ کی فراہمی پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کی شکرگزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اوپن یونیورسٹی میں ریسرچ کلچر کے فروغ کے لئے شروع کئے گئے اس سفر کو جاری رکھیں گے۔اس کانفرنس میں ملک کی 43 جامعات کے علاوہ آسٹریلیا، جرمنی اور چین کی نمائندگی موجود ہے۔ملکی و غیر ملکی محققین اور ماہرین تعلیم نے معاشرے کے لئے کارآمد ، بامعنی اور اپلائیڈ ریسرچ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام کی سماجی و معاشی ترقی کا رازطلبہ کو تحقیق و تخلیق کی جانب راغب کرنے میں ہے۔ آسٹریلیا، جرمنی اور چین کے مقررین نے اوپن یونیورسٹی کی ملک گیر تعلیمی خدمات اور ریسرچ کلچر کے فروغ کے لئے اقدامات اور کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کیمسٹری میں جدید رجحانات کے موضوع پر پاکستانی دوستوں کے ساتھ بات چیت کے لئے فلیٹ فارم کی فراہمی پر شعبہ کیمسٹری کا شکریہ ادا کیا۔کانفرنس کا اہتمام شعبہ کیمسٹری نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے کیا تھا۔محققین اور سائنسدانوں کو مفادات کے ڈومین میں ایک ساتھ بٹھانا ،تحقیق کی بنیاد پر طلبہ کے تیارکردہ پراجیکٹس کو شوکیس کرانا ، ریسرچ کے معیار میں بہتری لانے کے لئے سکالرز کو قومی اور عالمی ریسرچ کمیونٹی کے ساتھ بات چیت کا پلیٹ فارم فراہم کرنا اور کیمسٹری میں حالیہ رجحانات سے طلبہ کو روشناس کرانا کانفرنس کے مقاصد میں شامل تھے۔
پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس، پروفیسر ڈاکٹر نغمانہ رشید اور کانفرنس کنوینر، ڈاکٹر نسیمہ ارشد نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد اور فیکلٹی آف سائنس با الخصوص شعبہ کیمسٹری کی تعلیمی خدمات بیان کئے۔