کراچی: امیدواروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرنے والے 2 دہشتگرد گرفتار

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے ایم کیو ایم لندن جنوبی افریقا نیٹ ورک کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن جنوبی افریقا نیٹ ورک کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا جن میں ملزم بلال اور ارشاد شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم بلال لودھی اور محمد ارشاد نے انتخابی مہم کے دوران مخالف جماعتوں کے امیدواروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی تاکہ پرامن انتخابات کو سبوتاژ کیا جاسکے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ایم کیو ایم لندن جنوبی افریقا کی جانب سے جون میں ٹارگٹ کلرز کی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ ترجمان رینجرز نے مزید بتایا کہ ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران ایم کیو ایم لندن کی جانب سے مالی وسائل کی فراہمی کا بھی اعتراف کیا ہے۔