ورلڈ ایگ ڈے،زکریایونیورسٹی میں تقریب کا اہتمام

ملتان(نمائندہ کرئیر کاروان)انڈے کی افادیت اور اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ورلڈ ایگ ڈے (World Egg Day) یعنی انڈے کا عالمی دن پوری دنیا میں نہایت ذوق و شوق منایا جاتا ہے۔فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز بہاﺅالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں2 1 اکتوبر کو” ورلڈ ایگ ڈے“ کے موقع پر انڈے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن اور فیصل گروپ آف کمپنیز کے اشتراک سے ایک تقریب کا انعقاد کررہی ہے۔ اِس تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر بہاﺅالدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین صاحب ہوں گے جبکہ تقریب کے چیف آرگنائزر ڈین فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود اختر ہیں۔اس حوالے سے چیف آرگنائزر ڈین فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود اخترنے ورلڈ ایگ ڈے کے بارے بتاتے ہوئے کہا ہے کہ انڈہ انسانی صحت کے لیے مفید اور صحت بخش غذا ہے اور روزمرہ کی خوراک کا بنیادی جزو ہے۔انہوں نے کہاکہ اس تقریب کو رنگا رنگ بنانے کے لیے طلبا اور طالبات کے مابین انڈوں کے استعمال سے تیارکردہ مختلف پکوان کا مقابلہ ہو گا۔ مزید براں طلبہ انڈے کی بناوٹ، خاصیت اور اس میں موجود اہم غذائی اجزاءکو پوسٹر کی شکل میں آویزاں کریں گے۔ اچھی ڈِش اور پوسٹر تیار کرنے والے طلبا میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔